پنجاب یوتھ گیمز 2026-27: سرکاری ونجی سکولوں کے طلبہ کی رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت

10-10-2026

(لاہور نیوز) پنجاب یوتھ گیمز 2026-27 کے لیے صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے اہل طلبہ کی رجسٹریشن اور شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں 10 ملین رجسٹریشنز کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ہدایت کے مطابق سرکاری سکولوں کے سربراہان طلبہ کی رجسٹریشن کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل طلبہ کو یوتھ گیمز میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اساتذہ اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز (پی ای ٹی) کو بھی طلبہ اور ان کے والدین کی رجسٹریشن کے حوالے سے معاونت کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب یوتھ گیمز کے لیے رجسٹریشن کا عمل 5 نومبر 2026 تک مکمل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) ایجوکیشن کو اپنے اضلاع کے سکولوں کے لیے مختص رجسٹریشن اہداف مکمل کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنرز کو رجسٹریشن مہم کی نگرانی کرنے اور مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری اور نجی سکولوں کی رجسٹریشن کا الگ الگ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ دونوں شعبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ پنجاب یوتھ گیمز 2026-27 کے لیے اس مہم کا مقصد اہل طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانا اور سکولوں کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔