پرائیویٹ سکولز کا نیا تعلیمی سال ایک ماہ قبل دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ
10-10-2026
(ویب ڈیسک) پرائیویٹ سکولز نے نیا تعلیمی سال ایک ماہ قبل دسمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
بیشتر پرائیوٹ سکولوں میں تعلیمی سیشن یکم دسمبر سے شروع کیا جائے گا، تعلیمی سیشن جلد شروع ہونے سے پبلشرز کو کروڑوں روپے کا فائدہ ہو گا۔ ذرائع کے مطابق تعلیمی سال جلد شروع ہونے سے نجی پبلشرز اپنا پرانا سلیبس بیچ سکیں گے، نئے تعلیمی سال سے تمام سلیبس کی کتابیں تبدیل ہو جائے گی، نئے سلیبس کی کتابیں مارچ یا اپریل تک مارکیٹ میں آئیں گی، پرائیویٹ سکولوں میں دسمبر کی بجائے نومبر میں فائنل ٹرم کا امتحان لیا جائے گا۔ سکول مالکان کا مؤقف ہے کہ رمضان المبارک میں سکولوں کے اوقات کار میں کمی کے باعث تعلیمی سیشن جلد شروع کر رہے ہیں، رمضان المبارک میں اوقات کار میں کمی کے باعث سلیبس مکمل کرانا مشکل ہو جائے گا، تعلیمی سال جلد شروع کرنے سے مکمل نصاب پڑھانے میں آسانی ہو گی۔