نیشنل ہاکی سٹیڈیم اور پریکٹس گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کیلئے 40 کروڑ روپے منظور
10-10-2026
(لاہور نیوز) نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہوراور ملحقہ پریکٹس گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کے لیے 40 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور اور ملحقہ پریکٹس گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کے لیے 40 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے، منصوبے کے تحت کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئی آسٹروٹرف بچھائی جائے گی جب کہ سٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر سہولیات کو بھی جدید بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ انفرا اسٹرکچر کی تزئین و آرائش کا کام بھی کیا جائے گا، یہ منصوبہ جنوری 2027ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کو آئندہ ساؤتھ ایشین گیمز کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جہاں ہاکی کے مقابلے شیڈول کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے پی ایچ ایف کا کہنا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے قومی ہاکی کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی سہولیات میسر آنے اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے معیاری ماحول فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔