جان لیوا حادثات میں ملوث 170 ڈرائیورز کے لائسنس معطل
10-10-2026
(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے جان لیوا حادثات میں ملوث 170 ڈرائیورز کے لائسنس معطل کر دیے ہیں، آئندہ ہر مہلک اور شدید غیر مہلک ٹریفک حادثے کی صورت میں ذمہ دار ڈرائیور کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مہلک حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس کی معطلی کے علاوہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔ جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس کی معطلی عدالتی احکامات سے مشروط ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر ڈرائیونگ لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا۔ معطل لائسنس کے باوجود گاڑی چلانے والے ڈرائیور کو دوبارہ مقدمے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے انتہائی خطرناک حد تک سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔