شفیق آباد پولیس کی کارروائی، موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین رکنی گینگ گرفتار
10-10-2026
(لاہور نیوز) شفیق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکلیں، غیر قانونی اسلحہ اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس اہلکاروں نے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان حسن، ایاز اور عادل لاہور کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کرتے تھے اور وارداتوں کے دوران ماسٹر چابیوں اور اسلحے کا استعمال کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے متحرک ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایچ او شفیق آباد اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور جرائم کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔