کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائیاں، 1094 دکانداروں کو وارننگ نوٹسز
10-09-2026
(لاہور نیوز) شاہراہوں اور کمرشل مارکیٹس میں کوڑا پھینکنے اور صفائی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کی ہدایت پر ستھرا پنجاب لاہور اینٹی لٹرنگ سکواڈ دن اور رات کی شفٹوں میں شہر بھر میں گشت کر رہا ہے۔ شہریار عارف خان کے مطابق گزشتہ سات روز کے دوران 11 ہزار 261 سے زائد ہاٹ سپاٹ مقامات کا معائنہ کیا گیا، جبکہ خلاف ورزیوں پر 1094 سے زائد دکانداروں کو ای چالان سے قبل وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث چار گاڑیاں ضبط کی گئیں اور دو استغاثے بھی درج کیے گئے، جبکہ متعلقہ گاڑیوں پر 10 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی کہ لاہور کو ویسٹ فری بنانے کیلئے صفائی ٹیموں کا ساتھ دیں اور کوڑا مقررہ مقامات پر پھینکیں۔