طلبہ کو نوکری کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والا ملزم اپنی شادی کی تقریب سے گرفتار
10-09-2026
(لاہور نیوز) لاہور میں پولیس ولنٹیئر پروگرام کے طلبہ کو نوکری کا جھانسہ دے کر رقم وصول کرنے کے الزام میں ملزم فرحان کو اپنی شادی کی تقریب سے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق متاثرہ طلبہ نے شکایات درج کرائیں، جس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خفیہ انکوائری کروائی، شکایات درست ثابت ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ تھانہ نشتر کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ پولیس ولنٹیئر پروگرام میں شمولیت یا نوکری کے نام پر کسی کو رقم نہ دیں، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ایسے فراڈ کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس ولنٹیئر پروگرام طلبہ کو پولیس کے ساتھ رضاکارانہ طور پر منسلک ہونے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔