روزانہ چند منٹ کی ورزش فٹنس اور بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مفید، تحقیق
10-09-2026
(ویب ڈیسک) نئی تحقیق کے مطابق روزانہ چند منٹ کی ورزش دل اور نظامِ تنفس کی فٹنس بہتر بنانے اور بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
جرنل Frontiers in Nutrition میں شائع ہونے والی تحقیق میں 22 مطالعات کے 994 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، نتائج سے معلوم ہوا کہ مختصر دورانیے کی ورزش سے جسم میں آکسیجن کی سطح، قلبی و تنفسی فٹنس اور خون میں گلوکوز و چکنائی کی سطح میں بہتری آ سکتی ہے، تاہم، تحقیق میں جسمانی چربی، مسلز کے حجم، انسولین کی سطح اور پٹھوں کی مضبوطی میں نمایاں بہتری کے شواہد نہیں ملے۔ محققین کے مطابق مختصر ورزش جسمانی سرگرمی بڑھانے کا آسان طریقہ ہے، لیکن یہ طویل دورانیے کی ورزش کا متبادل نہیں، بہتر صحت کیلئے ہر ہفتے کم از کم 150 منٹ کی معتدل جسمانی سرگرمی کی سفارش کی جاتی ہے۔