پریشرہارن اور صوتی آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن
10-09-2026
(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر شہر بھر میں پریشر ہارن اور صوتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ پریشر ہارن کا استعمال شہریوں کے سکون اور صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ ہسپتالوں اور سکولوں کے باہر ہارن بجانے سے گریز کیا جائے، جبکہ پریشر ہارن استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دورانِ ڈرائیونگ غیر ضروری ہارن بجانے سے گریز کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پُرسکون اور شور سے پاک لاہور کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ شہریوں کو شور سے محفوظ رکھنا اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ٹریفک پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ ایک روز کے دوران پریشر ہارن اور صوتی آلودگی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 772 بسوں، مزدوں اور دیگر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا مظاہرہ کریں، غیر ضروری ہارن کے استعمال سے اجتناب کریں اور شہر کو شور سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔