جمعۃ المبارک : آئی جی پنجاب کے احکامات پر صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ
10-09-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
آئی جی پنجاب نے مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں، چینی و غیر ملکی سفارت خانوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، جبکہ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز اور اہم شاہراہوں کے اطراف پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم تیز کرنے اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد، مشتبہ گاڑیوں اور سامان کی مکمل چیکنگ یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ عبدالکریم نے ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی، امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال سمیت املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ دفعہ 144 پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ جمعۃ المبارک کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بناتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔