لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی ،لاہور میں رواں سال 1,027 افراد گرفتار

10-09-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی پولیس نے لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رواں سال اب تک 1,027 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ شہر کے مختلف تھانوں میں 929 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ جمعۃ المبارک کے موقع پر لاؤڈ سپیکر ایکٹ پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال پر قانون حرکت میں آئے گا۔ لاہور پولیس امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف سرگرم عمل ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔