پنجاب کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی قائم کرنے کی منظوری
10-09-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے، دوسرے مرحلے میں پنجاب کی ہر تحصیل میں بھی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز قائم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پی ایچ اے کے قیام، شجرکاری، پارکس کی بحالی اور شہری خوبصورتی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ہر ضلع میں موسم کے مطابق پھولدار پودے لگانے کے لیے ماہانہ پلان مرتب کرنے اور ہر تحصیل، شہر اور گاؤں کی سطح پر مرحلہ وار شجرکاری کے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کر دی گئی ہیں۔ مزید 20 اضلاع میں پی ایچ اے کے قیام کے لیے جنوری 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں پی ایچ اے کے زیر انتظام ان ہاؤس نرسری قائم کی جائے، جہاں شجرکاری اور موسمی پھولوں کے لیے پودے تیار کرکے عوام کو سستے داموں فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے صوبے میں ہر خالی جگہ پر درخت اور پھولدار پودے لگانے اور شہروں، قصبوں اور دیہات کو سرسبز و شاداب بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں پی ایچ اے کے لیے 2,820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی۔ ہر ضلع میں منیجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹرز اور تکنیکی عملہ بھرتی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہر ڈسٹرکٹ پی ایچ اے کا ریسورس پلان طلب کرتے ہوئے افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے کلیدی کارکردگی اشاریے (کے پی آئیز) تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔ مریم نواز شریف نے پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری دینے کے ساتھ عملے اور گاڑیوں کی یکساں برانڈنگ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میں سی کیٹیگری کے تمام پارکس بحال کر دیے گئے ہیں، جبکہ ہر پی ایچ اے کو شہری منظرنامے میں بہتری، پارکس کی خوبصورتی اور گرین بیلٹس کی بحالی کے اہداف دیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیابانِ جناح میں بوگن ویلیا، عطا بخش روڈ پر بانس اور دیگر سڑکوں پر املتاس کے درخت لگائے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں میری گولڈ کے تینوں رنگوں کی اقسام کے پھول بھی اگائے جا رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ گھروں میں کام کرنے والے پی ایچ اے ملازمین کو دفاتر واپس بلانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے تمام شہروں میں یکساں ڈیزائن کے پلانٹرز اور گملے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ پنجاب کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں کو درختوں اور پودوں سے سجا ہوا اور پھولوں کی خوشبو سے مہکتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا کارِ ثواب بھی ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کا ایک اہم ذریعہ بھی۔