سرکاری نرخ نامے نظرانداز ، پیاز، ٹماٹر سمیت سبزیاں مہنگے داموں فروخت
10-09-2026
(لاہور نیوز) سرکاری قیمتوں اور پرچون بازاروں کے نرخوں میں نمایاں فرق، پیاز، ٹماٹر، لہسن، ادرک اور دیگر سبزیوں کی من مانی قیمتیں وصول کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق متعدد سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، تاہم اس کے باوجود تمام سبزیاں سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔ سبزی منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جارہے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق پیاز کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 190 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ درجہ اول کا خشک پیاز پرچون بازاروں میں 220 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 155 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم درجہ اول کا ٹماٹر پرچون بازاروں میں 200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ ہرنائی لہسن کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 340 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ چائنیز لہسن کی قیمت پرچون مارکیٹ میں 450 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح تھائی لینڈ سے درآمد شدہ ادرک کی سرکاری قیمت 375 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں ادرک 450 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ لیموں کی سرکاری قیمت 100 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود پرچون بازاروں میں 200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ سبز مرچ کی سرکاری قیمت 120 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مارکیٹ میں اس کے نرخ 200 روپے فی کلو تک وصول کیے جارہے ہیں۔ دیسی ٹینڈے کی سرکاری قیمت 200 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں یہ 300 روپے فی کلو تک فروخت ہورہے ہیں۔ آلو کی سرکاری قیمت 30 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، لیکن درجہ اول کا آلو 50 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 250 روپے فی کلو ہونے کے باوجود درجہ اول کی شملہ مرچ 360 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ کھیرا سرکاری نرخ نامے میں 80 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود 140 روپے فی کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ بند گوبھی کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 220 روپے فی کلو تک وصول کی جارہی ہے۔ پھول گوبھی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 160 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم پرچون بازاروں میں یہ 220 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ موٹی پھلیوں کی سرکاری قیمت 110 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود ان کی فروخت 200 روپے فی کلو تک جاری ہے۔ بینگن کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو ہے، لیکن پرچون مارکیٹوں میں یہ 120 روپے فی کلو تک فروخت ہورہے ہیں۔ بھنڈی کی سرکاری قیمت 170 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں اس کے نرخ 250 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔ گاجر کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرکے 170 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم پرچون بازاروں میں گاجر 220 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ گھیا کدو کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو ہونے کے باوجود اس کی فروخت 220 روپے فی کلو تک جاری ہے، جبکہ گھیا توری کی سرکاری قیمت 120 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 170 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ میتھی کی سرکاری قیمت 230 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں میتھی 400 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ سرکاری نرخ نامے اور مارکیٹ میں وصول کیے جانے والے نرخوں میں واضح فرق کے باعث شہریوں کو روزمرہ استعمال کی سبزیاں مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائی کی جائے اور مختلف علاقوں میں سبزیوں کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے۔