تنخواہ دار طبقہ بازی لے گیا، 3 ماہ میں 144 ارب انکم ٹیکس ادا کیا
10-08-2026
(لاہور نیوز) تنخواہ دار طبقہ ٹیکس ادائیگی میں ریٹیل اور رئیل اسٹیٹ سے بازی لے گیا،تین ماہ کے دوران ایک سو چوالیس ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک میں تنخواہ دار طبقہ انکم ٹیکس کی ادائیگی میں ریٹیل اور رئیل اسٹیٹ جیسے بڑے شعبوں سے کہیں آگے نکل گیا ہے. ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے نے تین ماہ کے دوران ایک سو چوالیس ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا، جو ریٹیل اور رئیل اسٹیٹ سے مجموعی طور پر 90 ارب روپے زیادہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی اڑتیس فیصد کمی کے بعد پینتیس اعشاریہ دو ارب روپے رہی، ہول سیلرز اور ریٹیلرز نے مجموعی طور پر اٹھارہ اعشاریہ چار ارب روپے ٹیکس ادا کیا۔ ہول سیلرز کی ٹیکس ادائیگی چھ اعشاریہ دو ارب روپے جبکہ ریٹیلرز کی گیارہ اعشاریہ تین ارب روپے رہی. ذرائع کے مطابق دو سالہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد تنخواہ دار طبقے کا سالانہ ٹیکس حصہ تین سو اکانوے ارب روپے سے بڑھ کر چھ سو انتیس ارب روپے ہو گیا. بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو باون ارب روپے ریلیف دینے اور ٹیکس شرح میں تین فیصد تک کمی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔