چوری کے شبہ میں رکشہ ڈرائیور پر تشدد، 5 ملزمان گرفتار
10-08-2026
(لاہور نیوز) گوالمنڈی میں چوری کے شبہ پر غریب رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 5 نامزد ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی، گوالمنڈی پولیس نے اطلاع ملتے ہی واقعے کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کی۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 400 روپے کی بکنگ پر آنے والے رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا، رکشہ ڈرائیور توڑے لوڈ کر رہا تھا کہ ملزمان نے اسے رسیوں سے باندھ کر بہیمانہ تشدد کیا۔ شہری کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات بھی موجود ہیں۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں پر تشدد اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔