کوڑا ٹیکس کے بلز کی تقسیم پوری ہونے سے پہلے ہی سخت شرط عائد
10-08-2026
(لاہور نیوز) کوڑا ٹیکس کے بلز کی تقسیم مکمل ہونے سے پہلے ہی نئی شرط عائد کر دی گئی۔
ایکسائز ذرائع کے مطابق کوڑا ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر جائیداد کی خریدوفروخت کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ این او سی کے اجرا پر پابندی کے باعث جائیدادوں کی خریدوفروخت متاثر ہو کر رہ گئی ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 50 لاکھ کوڑا ٹیکس بلز کی تقسیم رواں ماہ مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔ ایکسائز ذرائع کے مطابق سالانہ سینی ٹیشن فیس کی وصولی کے لیے چھ ماہ میں دو بلز بھجوائے جائیں گے، ڈیٹا انٹیگریشن کے باعث بلز کی تقسیم سے قبل ہی این او سی کا اجرا روک دیا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سے قبل صرف پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر این او سی جاری نہیں کیا جاتا تھا تاہم اب کوڑا ٹیکس کی ادائیگی بھی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔