ٹولنٹن مارکیٹ: 1235 کلو مردہ مرغیاں پکڑنے پر فوڈ اتھارٹی ٹیم پر حملہ،6 افسران زخمی

10-08-2026

(لاہور نیوز) ٹولنٹن مارکیٹ میں 1235 کلو مردہ مرغیاں برآمد ہونے پر انہیں تلف کروانے کی کارروائی کے دوران دکانداروں نے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملہ کر دیا، حملے میں 6 فوڈ سیفٹی افسران شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے ٹولنٹن مارکیٹ میں مرغیوں کے گوشت کی چیکنگ کے دوران 1235 کلو مردہ مرغیاں برآمد کیں۔ مردہ مرغیوں کو تلف کروانے کی کارروائی کے دوران مشتعل دکانداروں نے ٹیم سے ہاتھا پائی کی اور اینٹوں سے وار کیے۔ حملہ آوروں نے فوڈ سیفٹی افسران کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں جبکہ ٹیم کے موبائل فونز بھی چھین لیے گئے۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق مردہ مرغیاں برآمد ہونے پر 2 دکانیں بند کر دی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے کہا کہ تمام کارروائیاں قانون، شواہد اور مقررہ ایس او پیز کے تحت باضابطہ طور پر کی جاتی ہیں۔ کارروائیوں کا بنیادی مقصد عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں علی الصبح سے رات گئے تک گوشت کی نگرانی کی جاتی ہے، جبکہ سپیشل میٹ سیفٹی ٹاسک فورس مارکیٹ میں مرغیوں کی مسلسل چیکنگ کرتی ہے۔