یو ایچ ایس میں پوسٹ گریجویٹ تحقیق کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ
10-08-2026
(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پی ایچ ڈی اور ایم فل طلبہ کی تعلیمی و تحقیقی پیش رفت کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے 231ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی سست تحقیقی پیش رفت پر صرف طالب علم ہی نہیں بلکہ متعلقہ سپروائزرز کو بھی جوابدہ قرار دیا جائے گا۔ اجلاس میں ہر پوسٹ گریجویٹ طالب علم کی سہ ماہی تعلیمی و تحقیقی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی، جس میں طالب علم کی تحقیق میں پیش رفت، تعلیمی سرگرمیوں اور سپروائزر کی نگرانی سے متعلق تفصیلات شامل ہوں گی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تحقیق مکمل کرنے کے لیے توسیع حاصل کرنے والے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی ماہانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ تحقیق میں غیر ضروری تاخیر کی وجوہات کا بروقت جائزہ لیا جا سکے۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر سہیل صابر نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی سست پیش رفت کا ذمہ دار صرف طالب علم کو قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سپروائزرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کی بروقت اور مؤثر رہنمائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقی معیار بہتر بنانے اور طلبہ کو مقررہ مدت میں ڈگری مکمل کرنے میں مدد دینے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔