لاہور میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی، ڈکیتی کی وارداتیں 95 فیصد کم
10-08-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، پولیس ریکارڈ کے مطابق 2026ء کے پہلے 9 ماہ کے دوران مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق 2026ء کے پہلے 9 ماہ میں مجموعی پراپرٹی کرائمز میں 2023 کے مقابلے میں 88 فیصد جبکہ 2024 کے مقابلے میں 82 فیصد کمی ہوئی۔ مجموعی پراپرٹی کرائمز گزشتہ سال کی نسبت بھی 73 فیصد کم ریکارڈ کیے گئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈکیتی کی وارداتوں میں 2025ء کے مقابلے میں 95 فیصد کمی ہوئی، جبکہ راہزنی کے واقعات میں 78 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 71 فیصد، کار چوری میں 85 فیصد، موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 86 فیصد اور گاڑی چھیننے کے واقعات میں 91 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ نقب زنی کے واقعات میں بھی 2025 ء کے مقابلے میں 77 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جرائم میں کمی مؤثر گشت، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ جرائم میں کمی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی مسلسل محنت کا نتیجہ ہے، جرائم کی روک تھام، مؤثر گشت اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔