لاہورمیں موسم خشک، فضائی آلودگی کی اوسط شرح 201 تک پہنچ گئی

10-08-2026

(لاہور نیوز) شہر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ فضائی آلودگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیشگوئی بھی درست ثابت نہ ہو سکی۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں چوتھے نمبر پر آ گیا، جبکہ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 201 تک جا پہنچی۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق یونیورسٹی آف لاہور کے اطراف فضائی آلودگی کی شرح 254 ریکارڈ کی گئی، جبکہ شاہدرہ کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 250 تک پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنا چاہیے۔