پنجاب بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے شاہراہوں پر آنے پر پابندی، سخت کارروائی کی ہدایت

10-07-2026

(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس پنجاب نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایسی گاڑیوں کے شاہراہوں پر آنے پر پابندی عائد کر دی۔

ٹریفک پولیس اور ای پی اے کی جانب سے سموگ چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف جوائنٹ ناکہ بندی کی جائے گی، ٹریفک پولیس پنجاب نے تمام سی ٹی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ دھواں چھوڑنے والی کوئی گاڑی سڑک پر نہ چلنے دی جائے، ٹریفک پولیس، ای پی اے اور محکمہ ٹرانسپورٹ پر مشتمل جوائنٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ مراسلے کے مطابق ریت، ملبہ اور بھوسہ لے جانے والی کھلی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور سامان کو ترپال سے ڈھانپنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تمام گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلوں میں ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس، فوگ لائٹس اور انڈیکیٹرز فعال ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کمرشل، ہیوی ٹرانسپورٹ، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں پر ریفلیکٹو ٹیپس اور سٹیکرز لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے میں اوور سپیڈنگ، ریسنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، دھند والے علاقوں میں کیریج وے اور روڈ شولڈر پر ہیوی گاڑیوں کی پارکنگ روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈرائیورز کو گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنے، رفتار کم کرنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے سے متعلق آگاہی دینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ مراسلہ ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز سید ندیم عباس کی جانب سے جاری کیا گیا۔