اسلام آباد پر بار بار چڑھائی کرنے والے ملک کے دشمن ہیں: گورنر پنجاب
10-07-2026
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اسلام آباد پر بار بار چڑھائی کرنے والے ملک کے دشمن ہیں اور احتجاج و دھرنوں کی سیاست کے بجائے سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیپلزپارٹی پنجاب کے سینئر رہنماؤں نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اس وقت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کے دورے پر ہیں، ہمیں انہیں پاکستان کا مثبت امیج دکھانا ہے۔ ملک اس وقت کسی بھی قسم کے احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات کی میز پر ہے، وزیراعظم بار بار اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں، اس لیے سیاسی مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی، جمہوری اور محب وطن جماعت ہے جو ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ دھرنوں اور احتجاجی سیاست سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج خراب نہیں ہونے دیں گے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے سب سے زیادہ جیلیں کاٹی ہیں، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے بھی طویل قید اور سختیاں برداشت کی ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کندھے سے کندھا ملا کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کامیاب بنانے اور انہیں وزیراعظم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ کسی بھی بہکاوے میں آئے بغیر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر مشکل گھڑی میں اپنے ملک اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو اپنی اصل طاقت سمجھتی ہے۔