غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کیلئے ٹیکس ریٹرن کا نیا آن لائن نظام متعارف
10-07-2026
(ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کیلئے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا آن لائن نظام متعارف کرا دیا۔
اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ٹیکس ریٹرنز اب آئرس (IRIS) سسٹم کے ذریعے آن لائن جمع کرائے جائیں گے، جبکہ جہاز سے متعلق معلومات پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے خودکار طور پر آئرس سسٹم میں منتقل ہوں گی، جس سے شپنگ ایجنٹس کو دستی کاغذی کارروائی سے نجات ملے گی۔ نئے نظام کے تحت جہاز کا نام، آمد و روانگی کا وقت، ایجنٹ کا این ٹی این، کرایے اور دیگر آمدن کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہو گا، ٹیکس کا چالان بھی آن لائن تیار ہو گا اور رقم جمع ہونے کے بعد ہی ریٹرن مکمل تصور کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر ریٹرن جمع کرانے کیلئے مزید وقت درکار ہو تو جہاز کی روانگی سے قبل درخواست دینا ہو گی، ایف بی آر نے سات دن میں رائے مانگ لی۔