سہ فریقی کرکٹ سیریز، لاہور میں میونسپل و سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
10-07-2026
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور نعمان یوسف کی زیرِ صدارت سہ فریقی کرکٹ سیریز کے سلسلے میں میونسپل اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز، سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی، ایڈیشنل کمشنر بلال حسن، پی سی بی افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ کمشنر لاہور نعمان یوسف نے بتایا کہ لاہور میں سہ فریقی سیریز کے چار میچز کھیلے جائیں گے، جس میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں 25 سے 31 اکتوبر 2026 کے دوران چار ون ڈے میچز کا انعقاد ہوگا۔ اجلاس میں میچز کے دوران میونسپل انتظامات، سکیورٹی اقدامات، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے سکیورٹی کے مختلف حصوں اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پاکستان میں ایک اہم بین الاقوامی کرکٹ ایونٹ شروع ہونے جا رہا ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ سیف سٹی سمیت خصوصی کیمروں کے ذریعے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شائقین اور دیگر افراد کے لیے مناسب پارکنگ سائٹس مختص کرکے وہاں بہترین انتظامات کیے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جہاں سے صورتحال کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔ کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ سکیورٹی پروٹوکولز اور ایس او پیز کے مطابق تمام انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے صفائی ورکرز میچز کے دوران ہمہ وقت موجود رہیں جبکہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کی تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام انتظامی محکموں کے فوکل پرسنز کنٹرول روم میں موجود رہیں تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری رابطہ اور مؤثر کارروائی ممکن ہو۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ میچز کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیک اپ پاور سورس کا انتظام بھی مکمل رکھا جائے۔