ایچی سن انڈر 14 ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کی تیسری پوزیشن
10-07-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو میں زیرِ کفالت بچوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کی خصوصی ہدایات پر بیورو کے 17 بچوں نے دوسری ایچی سن انڈر 14 ایتھلیٹکس انٹر سکول چیمپئن شپ میں بھرپور شرکت کی، جہاں بیورو کی ٹیم نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ننھے ایتھلیٹس نے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ، سلور اور برونز میڈلز اپنے نام کئے۔ بیورو کے ایتھلیٹ اسد حنیف نے 400 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ زاہد ناصر نے 200 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، اسی طرح محمد حسن نے 400 میٹر ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل جیتا، جبکہ محمد فرقان نے 400 میٹر ریس میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے برونز میڈل حاصل کیا۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے بچوں کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیورو کے بچوں نے اپنی صلاحیتوں، عزم، اعتماد اور بہترین سپورٹس مین شپ کا شاندار مظاہرہ کیا ہے، ٹیم کا چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنا قابلِ فخر کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل بچوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، بچوں کو تحفظ کے ساتھ تعلیم، کھیل اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیرِ کفالت بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور مناسب مواقع و حوصلہ افزائی فراہم کرکے وہ ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے شاندار کارکردگی پر بچوں، کوچ اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی یہ کامیابی بیورو کیلئے باعثِ فخر اور ان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔