لاہور ہائیکورٹ نے سول جج مس ظل ہما کو نوکری سے برطرف کردیا
10-07-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سول جج مس ظل ہما کو مبینہ مس کنڈکٹ اور مسلسل غیر حاضری کے معاملے پر نوکری سے برطرف کردیا۔
رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے سول جج کو ملازمت سے برخاست کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ سے ڈیپوٹیشن کی مدت ختم ہونے کے بعد سول جج مسلسل ڈیوٹی سے غیر حاضر رہیں۔ معاملے کی انکوائری کے دوران انکوائری آفیسر نے سول جج کو مس کنڈکٹ میں ملوث قرار دیتے ہوئے الزامات ثابت ہونے کی رپورٹ پیش کی اور انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کی سزا تجویز کی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سول جج کو اپنا مؤقف اور وضاحت پیش کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا، تاہم متعلقہ حکام نے انکوائری رپورٹ اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد برطرفی کی سزا عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔