پنجاب پولیس آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کی 98 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ
10-07-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر شہریوں کی شکایات کے ازالے کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی 98 ہزار سے زائد شکایات کو حل کیا جا چکا ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ شہریوں کی شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے، جبکہ 1787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا نظام بھی مزید فعال کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق تمام ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے معاملات کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر مقدمات کے اندراج سے متعلق 47,152، سست تفتیش سے متعلق 22,339 شکایات حل کی گئیں۔ اسی طرح پولیس سروسز سے متعلق 7,163 جبکہ محکمانہ معاملات اور دیگر نوعیت کی 21,851 شکایات کا بھی ازالہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 5,053، ریکوری سے متعلق 7,434 اور ناقص تفتیش سے متعلق 4,849 شکایات حل کی گئیں، جبکہ جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 2,287 اور تبدیلیِ تفتیش سے متعلق 1,682 شکایات کا بھی ازالہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں 1787 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر سے بلاجھجھک رابطہ کریں۔ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔