شاہدرہ ٹاؤن: چوری کے شبہ میں خاتون پر مبینہ تشدد، میڈیکل رپورٹ میں تصدیق
10-07-2026
(ویب ڈیسک) لاہور کے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں چوری کے شبہ میں تفتیش کے لیے بلائی گئی خاتون پر مبینہ پولیس تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جبکہ میڈیکل رپورٹ میں خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
متاثرہ خاتون سعدیہ کے مطابق اے ایس آئی بلال نے اسے فون کرکے تھانے طلب کیا اور بتایا کہ اس پر چوری کا الزام ہے، سعدیہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے پولیس اہلکاروں کو چوری میں ملوث نہ ہونے کی وضاحت کی، تاہم اسے مبینہ طور پر ایک کمرے میں لے جا کر چارپائی سے باندھا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ خاتون کے مطابق مبینہ تشدد کے باعث اس کی حالت غیر ہو گئی، جس کے بعد اسے گھر جانے کی اجازت دی گئی، سعدیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اسے چلنے پھرنے میں بھی دشواری کا سامنا رہا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق اس نے میاں منشی ہسپتال سے علاج کروایا اور طبی معائنہ بھی کرایا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق اس کی ٹانگوں اور پاؤں پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔ سعدیہ نے مبینہ تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، واقعے کے حوالے سے پولیس کا مؤقف سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید صورتحال واضح ہو سکے گی۔