پنجاب بھر کے ٹریفک وارڈنز کی ترقی کا معاملہ، سفارشات طلب
10-07-2026
(ویب ڈیسک) عرصہ دراز سے ترقی کے منتظر ٹریفک وارڈنز کیلئے اچھی خبر سامنے آ گئی، پنجاب بھر میں ٹریفک وارڈنز کو ترقی دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے ترقیوں کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ہے، جو صوبے کے تمام چیف ٹریفک آفیسرز کو ارسال کیا گیا ہے، مراسلے میں متعلقہ ٹریفک وارڈنز کا ریکارڈ 12 اکتوبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق لاہور کے 12، راولپنڈی کے 8، فیصل آباد کے 5 اور ملتان کے ایک ٹریفک وارڈن کو ترقی دی جائے گی، مجموعی طور پر 26 نشستوں کیلئے 78 سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ ترقی کے عمل کیلئے متعلقہ وارڈنز کی سنیارٹی لسٹیں، کریکٹر سرٹیفکیٹ، بائیو ڈیٹا فارم اور دیگر ضروری ریکارڈ مقررہ تاریخ تک جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام امیدواروں کے ایچ آر ایم ای ایس پروفائلز مکمل ہونے چاہئیں، جبکہ سال 2025 تک کی سالانہ خفیہ رپورٹس (ACRs) بھی مکمل ہونا ضروری قرار دی گئی ہیں۔ محکمہ ٹریفک کے مراسلے کے مطابق مقررہ مدت میں مطلوبہ ریکارڈ مکمل کرکے جمع کرانے کے بعد ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔