شناختی کارڈ کی ترسیل میں تاخیر سے بچنے کیلئے نادرا نے اہم ہدایت کر دی

10-07-2026

(ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بننے والے شناختی کارڈ کی وصولی کے حوالے سے شہریوں کیلئے اہم وضاحت جاری کر دی۔

نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے رہے ہیں، وہ کارڈ کی وصولی کیلئے اپنی سہولت کے مطابق مقام کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ نادرا کے مطابق شہری شناختی کارڈ کی ڈیلیوری کیلئے اپنا مستقل یا عارضی پتہ منتخب کر سکتے ہیں، جبکہ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے کارڈ وصول کرنے کا آپشن بھی موجود ہے۔ اتھارٹی  نے واضح کیا کہ شناختی کارڈ اسی مقام پر فراہم کیا جائے گا جس کا انتخاب درخواست جمع کراتے وقت کیا گیا ہو۔ نادرا  نے شہریوں کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی بروقت اور درست ترسیل یقینی بنانے کیلئے درخواست میں مکمل اور درست پتہ درج کریں، پتے میں مکان نمبر، گلی نمبر، سیکٹر اور دیگر ضروری تفصیلات کا اندراج لازمی طور پر کیا جائے۔ نادرا کے مطابق نامکمل یا غلط پتہ درج کرنے کی صورت میں شناختی کارڈ کی ترسیل میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں، اس لئے درخواست جمع کراتے وقت فراہم کردہ معلومات کی درستگی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔