پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، 5 یا زائد افراد کے اجتماع پر پابندی

10-06-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، جس کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور اکٹھ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی، جبکہ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نمازِ جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔ عدالتیں، سرکاری ادارے اور باضابطہ اجازت سے منعقد ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندی کا اطلاق ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔ حکام کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ 6 اکتوبر سے 15 اکتوبر 2026 تک رہے گا۔