پنجاب میں’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبہ، عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے پر ردعمل
10-06-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے مبینہ پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے سے گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی لائیو ویڈیوز سامنے لے آئیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بہت جہالت دکھا لی، اب ذرا حقیقت بھی جان لیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ ایک عام پاکستانی خاندان کا خواب حقیقت بن کر کھڑا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ صرف پی ٹی آئی دور کے بنے ہوئے گھر تھے تو پھر 2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟ 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد بلاسود قرضوں کی رقم کس نے فراہم کی؟ عظمیٰ بخاری کے مطابق ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 60 ہزار 464 گھر تعمیر کے مرحلے میں ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کے گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی کوشش شاید سوشل میڈیا پر چل جائے، مگر ان گھروں میں رہنے والے اصل مستحقین کی گواہی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت دینے کا عملی منصوبہ ہے۔ جن کے پاس دکھانے کو کارکردگی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کے بنے گھروں کی کہانیاں گھڑتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا جتنا مرضی کرلیں، گھر تو آخر گھر ہی ہوتا ہے، گھر کی چابی جس خاندان کے ہاتھ میں ہو، اصل گواہی بھی اسی کی ہوتی ہے۔