ایف بی آر کی پہلی سہ ماہی کے ٹیکس اہداف حاصل، آئی ایم ایف کا خیرمقدم
10-06-2026
(لاہور نیوز) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان جاری مذاکرات رواں ہفتے مکمل ہو جائیں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات کے دوران معاشی صورتحال اور اہم اہداف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، آئی ایم ایف نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے، جولائی سے ستمبر کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے مقررہ اہداف حاصل کیے جانے کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس آمدن کا ہدف حاصل ہونے کے باعث رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اہم معاشی کامیابیاں حاصل ہوئیں، مذاکرات کے دوران رواں سال کے اختتام پر کسانوں کیلئے فکسڈ ٹیکس سکیم متعارف کرانے کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے اور افراط زر پر قابو پانے کیلئے کیے گئے اقدامات سے آئی ایم ایف وفد کو آگاہ کیا، وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 5.4 ارب ڈالر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد پاکستانی معاشی ٹیم کے ساتھ میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز (MEFP) کا مسودہ شیئر کرے گا۔ ذرائع کے مطابق MEFP پر اتفاق رائے ہونے کے بعد تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی قسط کیلئے سٹاف لیول معاہدہ ہونے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔