پنجاب فوڈ اتھارٹی کا صحت دشمن عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن، 21 فوڈ پوائنٹس کو جرمانے

10-06-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کی ہدایت پر اقبال ٹاؤن، کینال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، شاہپور کانجراں اور ملحقہ علاقوں میں 26 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس کی چیکنگ کی گئی، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 21 کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

کارروائی کے دوران 2 واٹر پلانٹس، 2 سویٹس اینڈ کیک یونٹس اور ایک معروف ڈیری پروڈکشن یونٹ بند کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈیری یونٹ سے لیے گئے مکھن کا سیمپل فیل ہونے پر یونٹ بند کرنے کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ منصور احمد کے مطابق ناقص پانی کے باعث 2 واٹر پلانٹس کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں پانی میں مختلف مضر صحت جراثیم پائے گئے۔ متعدد فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات، اشیائے خورونوش فرش پر رکھنے اور ضروری ریکارڈ و دستاویزات کی عدم موجودگی بھی سامنے آئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ سابقہ ہدایات کی خلاف ورزی پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، خوراک کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، محفوظ خوراک ہر شہری کا حق ہے اور جعلساز عناصر کا خاتمہ فریضہ ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔