پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ملازمین کے لیے نئے سروس رولز تیار
10-05-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ملازمین کے لیے نئے سروس رولز تیار کرلیے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے مجوزہ قواعد کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دے دی۔
دستاویزات کے مطابق نئے سروس رولز کے تحت پنجاب ریونیو اتھارٹی میں اعلیٰ عہدوں پر ماہرین کو مارکیٹ کی بنیاد پر یکمشت معاوضے کے پیکیج پر بھرتی کیا جاسکے گا، نئے قواعد میں ملازمین کی بھرتی، شرائطِ ملازمت اور مختلف شعبوں کی تنظیمِ نو سے متعلق امور شامل ہیں۔ مجوزہ قواعد کے تحت اتھارٹی کے آڈٹ، فنانس، انفورسمنٹ، پالیسی اور انتظامی شعبوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ بنیادی پے اسکیل پر کم از کم 3 سال ملازمت مکمل کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل ہونے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق کنٹریکٹ ملازمین کو جانچ کمیٹی کی سفارش پر مستقل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے تاہم یکمشت تنخواہ کے پیکیج پر بھرتی ہونے والے ملازمین مستقل ہونے کے اہل نہیں ہوں گے۔ محکمہ قانون نے بھی پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مجوزہ سروس رولز کی منظوری دے دی ہے۔