پنجاب میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، تعداد 172 ہو گئی
10-05-2026
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، صوبے میں رواں سال اب تک ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 172 ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں اب تک ڈینگی کے 6 نئے کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں لاہور سے 2 جبکہ راولپنڈی، خانیوال، شیخوپورہ اور لودھراں سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ ضلع وار اعداد و شمار کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں اب تک 38 جبکہ راولپنڈی میں 34 کیسز کنفرم ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملتان میں ڈینگی کے 15 جبکہ رحیم یار خان میں 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ڈینگی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈینگی سرویلینس کا عمل جاری ہے اور متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، انہوں نے شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کی روک تھام کیلئے سرویلینس اور دیگر حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جا رہا ہے۔