رواں سال پنجاب پولیس فورس کی ویلفیئر پر ایک ارب 52سے زائد رقم خرچ

10-04-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس فورس اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، ترجمان پولیس کے مطابق رواں سال پولیس فورس کی ویلفیئر پر ایک ارب 52 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔

ترجمان کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 43 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد جاری کیے گئے، ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 42 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کے لیے 24 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد، ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 23 کروڑ 30 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی، پولیس ملازمین کی فیملیز کو گزارہ الاؤنس کی مد میں 12 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد جبکہ تدفین کے اخراجات کی مد میں اہلخانہ کو 4 کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد فراہم کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق پولیس فورس کو فوری مالی امداد کی مد میں بھی ایک کروڑ 7 لاکھ روپے سے زائد دیے گئے، آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس ویلفیئر فنڈ سے حاصل ہونے والی آمدن کے ذریعے ملازمین کی مشکلات کے ازالے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔