اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا 4 رکنی گروہ گرفتار

10-04-2026

(لاہور نیوز) چوکی ہلوکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحے کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق پولیس نے ٹیکنالوجی کی مدد سے کاچھا روہی روڈ سے ملزمان کو ٹریس کرکے حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر کرائے پر گاڑی حاصل کرکے مختلف شاہراہوں پر شہریوں کی ریکی کرتے تھے۔ ملزمان گاڑی کے ذریعے شہریوں کو روک کر اسلحے کے زور پر موبائل فون اور نقدی چھینتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 9 چھینے گئے موبائل فون، 2 ناجائز پستول اور نقدی برآمد کرلی، جبکہ وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت احمد، رمضان، زمان اور سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔