منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
10-04-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر کینٹ ڈویژن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او برکی عمران نواز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں، جہاں منشیات فروخت کرتے ہوئے مزمل اور قاسم نامی ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 کلو سے زائد چرس برآمد ہوئی۔ ملزمان نے آن لائن منشیات منگوا کر شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہر بھر سے منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔