پاکستانی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائیر‘ آسکرز 2027ء کیلئے منتخب
10-03-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ کو آسکرز 2027 کے لیے منتخب کر لیا۔
یہ اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے گزشتہ روز کینیڈا میں منعقدہ موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (MISAFF) میں فلم کے پریمیئر کے موقع پر کیا۔ ان کے مطابق دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وایئر‘ کو اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے منتخب کیا گیا ہے، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے آسکرز کی بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں ملک کی نمائندگی کے لیے کسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا ہے۔ توقع ہے کہ اس دستاویزی فلم کو رواں سال پاکستان میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ فلم اگست 2023ء میں خیبر پختون خوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کی ڈرامائی داستان بیان کرتی ہے۔ اس حادثے میں 6 سکول طلبہ سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600 فٹ بلندی پر معلق کیبل کار میں پھنس گئے تھے، اس واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی گئی تھی، جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی نظریں مرکوز رہیں۔ پاک فوج کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک شخص کو باحفاظت نکال لیا تھا، جبکہ باقی 7 افراد کو بچانے کے لیے زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کو طلب کیا گیا تھا، تقریباً 12 گھنٹے جاری رہنے والے انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد بالآخر تمام 8 افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا۔ اس دستاویزی فلم کو تحریر اور اس کی ہدایت کاری محمد علی نقوی نے کی ہے جبکہ اسے بلال سمیع نے پروڈیوس کیا ہے، فلم میں عینی شاہدین کی بنائی گئی ویڈیوز، زندہ بچ جانے والوں کے بیانات اور سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکس بندی شامل ہے۔ فلم کا عالمی پریمیئر 2026ء کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے میں ہوا، جس کے بعد اسے 2026ء کے وسط میں ٹرائی بیکا فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا۔