ڈگری اٹیسٹیشن کے نام پر فراڈ، ایچ ای سی نے شہریوں کو خبردار کر دیا
10-03-2026
(ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اپنے نام پر ہونے والی جعلسازی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر عوام کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی۔
ایچ ای سی کے مطابق جعلساز جعلی فون کالز کے ذریعے ڈگری اٹیسٹیشن، ایکولینس اور دیگر سروسز کے نام پر شہریوں سے رقم وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر ادارے کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی شخص کو اپنی ذاتی معلومات، پن کوڈ یا پاس ورڈ ہرگز فراہم نہ کریں، کیونکہ ایچ ای سی نے کسی نمائندے کو عوام سے براہِ راست رابطے کی ہدایت نہیں دی۔ ایچ ای سی نے واضح کیا کہ ادارہ فون کال کے ذریعے نہ کسی سروس کی فراہمی کرتا ہے اور نہ ہی رقم، پن کوڈ یا پاس ورڈ طلب کرتا ہے۔ جعلی کال موصول ہونے کی صورت میں متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر کی ہیلپ لائن یا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو فوری اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔