ایشین گیمز کرکٹ فائنل: بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا
10-03-2026
(لاہور نیوز ) جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔
ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں بھارت کے خلاف ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی 3 وکٹیں جلد گر گئیں۔ نشین میں کھیلے جارہے میچ میں 212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ ابتدائی 7 اوورز میں 42 رنز پر 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ معاذ صداقت 23، کپتان صاحبزادہ فرحان 10 اور عثمان خان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل نے 2 جبکہ واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابھیشیک شرما (61)، تلک ورما (ناٹ آؤٹ 51) اور شیوم دوبے (27) کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 211 رنز بنائے۔ کپتان شریاس ایئر 21، ایشان کشن 20، سوریا ونشی 15 اور سنجو سیمسن 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2، 2 جبکہ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پااکستان ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا اور کئی مواقع ضائع کیے۔ پانچویں اوور میں ابھیشیک شرما اور شریاس ایئر کو مواقع بھی ملے جب صائم ایوب نے تین گیندوں پر دو کیچز ڈراپ کردیے۔ ابھیشیک شرما اور تلک ورما کو رن آؤٹ کرنے کے مواقع بھی ضائع کیے جبکہ مجموعی طور پر 4 کیچز ڈراپ کیے۔ واضح رہے کہ اس بڑے ٹاکرے کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست زدہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔