سکولوں کے فنڈز میں اضافہ نہ ہونے سے اخراجات پور ے کرنے میں مشکلات
10-03-2026
(لاہور نیوز) مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باوجود سرکاری سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں اضافہ نہ ہونے سے سکول انتظامیہ کو اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سکولوں میں زیر تعلیم بچوں سے وصول کیے جانے والے فروغِ تعلیم فنڈ میں بھی گزشتہ کئی سال سے اضافہ نہیں کیا گیا۔ سکول ذرائع کے مطابق فروغِ تعلیم فنڈ کی مد میں 2006 سے فی طالب علم 20 روپے وصول کیے جا رہے ہیں، تاہم مہنگائی بڑھنے کے باوجود اس رقم میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب سکولوں کے بجلی، صفائی، مرمت اور دیگر روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نان سیلری بجٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث سکولوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ فروغِ تعلیم فنڈ بڑھانے کی اجازت بھی نہیں مل سکی۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی میں 20 روپے فی بچہ فروغِ تعلیم فنڈ ناکافی ہے، سکولوں کے بڑھتے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے فنڈ میں فوری اضافہ کیا جائے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فروغِ تعلیم فنڈ کم از کم 50 سے 100 روپے فی طالب علم کیا جائے اور سکولوں کے نان سیلری بجٹ میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ بنیادی ضروریات اور روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔