جعلی نمبر پلیٹس اور سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

10-03-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

ایس پی ڈولفن بلال احمد نے محمود بوٹی، نیو راوی اور دیگر ناکہ جات کے اچانک دورے کرکے سکیورٹی انتظامات اور اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، ایس پی ڈولفن  نے ناکوں پر تعینات نفری کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جوان مستعدی اور عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، انہوں نے موبائل سکواڈز کو ہدایت کی کہ ای پولیس ایپ کے ذریعے مشتبہ افراد کا ڈیٹا چیک کیا جائے، بلال احمد  نے خود بھی ای پولیس ایپ استعمال کرتے ہوئے چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران ’’پہلے سلام، پھر کلام‘‘ کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، اس کے علاوہ جعلی نمبر پلیٹس، نیلی بتی اور سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ڈیوٹی کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کا حکم دیا۔ ایس پی ڈولفن بلال احمد  نے واضح کیا کہ کرپشن اور بددیانتی میں ملوث اہلکار پولیس فورس کا حصہ نہیں رہیں گے، شہریوں سے بدسلوکی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔