پنجاب میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے شعبے میں پہلا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اقدام
10-03-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں واٹر سپلائی اور سیوریج کے شعبے میں پہلے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اقدام کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے، قصور اور چکوال میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن منصوبوں کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ پر دستخط کر دیے گئے۔
تقریب کا اہتمام چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ڈاکٹر ذیشان حنیف کی کنوینئرشپ میں کیا گیا۔ قصور اور چکوال کے چیف آفیسرز اور ایم ڈیز واسا نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت قصور اور چکوال میں مجموعی طور پر 20 ارب روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کے تحت دونوں شہروں میں منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل پر مکمل کیے جائیں گے۔ آئی ایف سی واٹر سپلائی اور سیوریج منصوبوں کو پی پی پی ماڈل پر آگے بڑھانے کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزری اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ منصوبوں کے تحت میونسپل کمیٹیاں اور واسا نجی شعبے کی شراکت سے شہریوں کو پانی کی فراہمی اور نکاسیٔ آب کی خدمات فراہم کریں گے۔ عالمی بینک کے تعاون سے پنجاب انکلوسیو سٹیز پروگرام کا مقصد واش سیکٹر میں خدمات کے معیار اور رسائی کو بہتر بنانا ہے۔ محکمہ بلدیات پنجاب کے تحت پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) پروگرام پر عمل درآمد کے لیے تکنیکی اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ تقریب میں ڈی جی پی واسا طیب فرید، ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز، ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات گوندل، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ بلدیات شاہد لطیف اور اے ڈی سی جی قصور ڈاکٹر کلیم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ آئی ایف سی اور عالمی بینک کے نمائندوں کے علاوہ پی ایم ڈی ایف سی کے پی پی پی ایکسپرٹ معین الدین شیخ، جی ایم آئی ڈی پی ایم ڈی ایف سی محمود مسعود تمنا اور ورلڈ ایسوسی ایشن آف پی پی پی یونٹس اینڈ پروفیشنلز کی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ عائشہ افتخار بھی تقریب میں شریک تھیں۔