سوشل میڈیا پر شکایت، نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
10-03-2026
(لاہور نیوز) سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر طالبہ کی جانب سے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق سندر کے علاقے میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور نازیبا زبان استعمال کرنے کے واقعہ کا ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے حکم پر فوری مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم عبدالرحمان کی طالبہ سے بحث و تکرار ہوئی، جس کے بعد ملزم نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور مبینہ طور پر بیہودہ زبان استعمال کی۔ ترجمان کے مطابق ملزم نے طالبہ کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ بھی کی اور رہائشی کمرے کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالرحمان کو گرفتار کرلیا، جسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں سے متعلق واقعات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، کسی بھی فرد کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔