سی ٹی او کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت

10-03-2026

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک افسران کے اجلاس میں شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سی ٹی او لاہور  نے ’’محفوظ روڈ، محفوظ پنجاب‘‘ کے ویژن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے سموگ، اوورلوڈنگ، کم عمر ڈرائیونگ اور بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔ سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انہوں  نے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے اور لین لائن ڈسپلن ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سی ٹی او لاہور  نے واضح کیا کہ ہیلمٹ انفورسمنٹ میں غفلت کی صورت میں متعلقہ سیکٹر انچارج اور ڈی ایس پی جوابدہ ہوں گے، شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، ون وے اور لین لائن کی خلاف ورزی کسی صورت نظر نہیں آنی چاہئے۔ اجلاس میں پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں کیلئے آگاہی مہم چلانے اور مختلف مقامات پر انتباہی بورڈز نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سید عبدالرحیم شیرازی  نے مال بردار گاڑیوں، ریت، مٹی اور بھوسہ لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالی یا دیگر لوڈر گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں  نے تمام کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس چیک کرنے کی بھی ہدایت کی اور ٹریفک افسران کو منظم ٹریفک کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔