پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام: 96 زیرزمین واٹر ٹینکس اور 106 ڈرینز مکمل

10-03-2026

(لاہور نیوز) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پی ایم یو میں اجلاس ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری بلدیات زید بن مقصود اور پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی، پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے صوبے کے 51 شہروں میں جاری ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ’’سوہنا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں پر کام جاری ہے، میونسپل سہولیات کی فراہمی کیلئے اس پیمانے پر اقدامات پہلے کبھی نہیں کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ماسٹر پلاننگ کے ذریعے ہر شہر میں زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کیلئے مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، 110 میں سے 96 زیرزمین واٹر ٹینکس مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ واٹر ٹینکس، ڈرینز اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا مربوط نیٹ ورک بھی بنایا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق کے مطابق پہلے چند شہروں کے علاوہ بیشتر علاقوں میں سیوریج کا پائیدار نظام موجود نہیں تھا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی شکل میں میگا پراجیکٹ کی منظوری دی، جس کے تحت شہری علاقوں میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ 51 شہروں کیلئے 124 میں سے 106 ڈرینز مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ اگلے مرحلے میں 25 ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر پر کام شروع کر دیا گیا ہے، ان ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ متعلقہ شہروں کو نئی سکشن مشینیں اور ڈی سلٹنگ یونٹس بھی فراہم کئے گئے ہیں تاکہ سیوریج اور نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔