ٹھوکر نیاز بیگ میں مال بردار جانوروں کی بہبود کیلئے سینٹر اور سکول قائم
10-02-2026
(لاہور نیوز) ٹھوکر نیاز بیگ میں مال بردار جانوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے مالکان کے بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اینیمل ویلفیئر سینٹر اور سکول کا افتتاح کر دیا گیا۔
یہ منصوبہ عالمی تنظیم بروک اور ملکی سماجی تنظیم ’گود‘ کے اشتراک سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے. افتتاحی تقریب میں ہیڈ آف پروگرام بروک پاکستان ڈاکٹر مان چہار، ایڈووکیسی مینیجر مقداد مہدی اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ’گود‘ نذیر غازی نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ میں 300 گھروں پر مشتمل علاقے میں تقریباً 2 ہزار خاندان گھوڑوں، گدھوں اور خچروں سمیت مال بردار جانور پالنے کے شعبے سے وابستہ ہیں، اسی لئے جانوروں کی صحت و بہبود اور ان کے مالکان کے خاندانوں کی فلاح کے لیے یہ مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر مان چہار نے مال بردار جانور پالنے والے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل معلوم کیے اُنہوں نے نئے قائم کیے گئے سکول کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور تعلیمی معیار کے حوالے سے بریفنگ بھی لی جبکہ سکول میں داخلے کے خواہش مند بچوں سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔