سرکاری کالجز میں الیکٹرانک فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ
10-02-2026
(لاہور نیوز) محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی ہدایات پر لاہور ڈویژن کے 110 سے زائد سرکاری کالجز میں الیکٹرانک فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (e-FOAS) متعارف کرانے کا آغاز کر دیا گیا۔
e-FOAS کے نفاذ سے سرکاری کالجز کا دفتری نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہو گی، جبکہ کالجز اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کے درمیان دفتری مراسلت بھی ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جائے گی۔ نئے نظام کے ذریعے کالجز، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز لاہور اور ڈی پی آئی کالجز پنجاب کے درمیان فائلوں اور سرکاری مراسلت کی نقل و حرکت کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد روایتی کاغذی فائلنگ میں کمی اور دفتری امور کو زیادہ منظم بنانا ہے۔ لاہور ڈویژن میں e-FOAS کے باقاعدہ نفاذ سے قبل تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں کالجز کے سربراہان اور انتظامی عملے کو نظام کے طریقہ کار اور استعمال سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔ تربیتی سیشن ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز لاہور ڈویژن کی زیر نگرانی منعقد ہوا، حکام کے مطابق ڈیجیٹل فائلنگ نظام کے ذریعے دفتری امور میں شفافیت، فائلوں کی بروقت نقل و حرکت اور فیصلوں میں تاخیر کم کرنے میں مدد ملے گی۔ e-FOAS کے نفاذ سے لاہور ڈویژن کے سرکاری کالجز میں روایتی کاغذی فائلنگ کے بجائے جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت دفتری امور انجام دینے کی راہ ہموار ہو گی۔